برطانیہ اور یورپی یونین نے احمد الشرع پر عائد پابندیاں ختم کر دیں
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے شام کی عبوری حکومت کے سربراہ احمد الشرع پر عائد پابندیاں ختم کیے جانے کے ایک روز بعد، برطانیہ نے بھی انہیں اپنی پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا۔ یورپی یونین نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کی پیروی کرے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، برطانوی حکومت نے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا کہ شام کے وزیرِ داخلہ انس خطاب پر عائد پابندیاں بھی ختم کی جا رہی ہیں۔
یورپی یونین کے ترجمان نے بھی جمعہ کو کہا کہ یورپی بلاک، اقوام متحدہ کے فیصلے کے مطابق شام کے حوالے سے اپنی پالیسی کو ہم آہنگ کرے گا۔یاد رہے کہ برطانیہ نے رواں سال اپریل میں شام کے خلاف کچھ پابندیاں نرم کی تھیں، جبکہ یورپی یونین نے مئی میں اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی تھی، تاہم اسلحہ اور سیکیورٹی سے متعلق پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔
یورپی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین شام کی قیادت اور ملکیتی عمل کے تحت پرامن اور جامع سیاسی انتقالِ اقتدار کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا تاکہ شام کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
گزشتہ روز اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکی تجویز پر احمد الشرع اور انس خطاب کا نام داعش و القاعدہ سے متعلق بین الاقوامی پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کی منظوری دی۔یہ قرارداد ۱۴ ووٹوں سے منظور ہوئی، جبکہ چین نے بطور مستقل رکن ووٹنگ میں حصہ نہ لیتے ہوئے ووٹ سے اجتناب کیا۔ سلامتی کونسل میں کسی قرارداد کی منظوری کے لیے ۱۵ میں سے کم از کم ۹ ووٹ درکار ہوتے ہیں، بشرطیکہ کوئی مستقل رکن ویٹو نہ کرے۔
اس سے قبل سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے بھی داعش اور القاعدہ سے منسلک افراد و اداروں کی فہرست میں بعض تبدیلیوں کی منظوری دی تھی۔
آپ کا تبصرہ