6 نومبر 2025 - 08:17
مآخذ: ابنا
پاکستانی وزیر اطلاعات کی میڈیا کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعاون پر تاکید

پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایران کے ساتھ بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہو چکا ہے۔

پاکستانی وزیر اطلاعات کی میڈیا کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعاون پر تاکید

اہل بیت نیوز ابنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایران کے ساتھ بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہو چکا ہے۔

منگل کے روز وزارتِ اطلاعات پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ایرانی سفیر اور ایرانی میڈیا کے وفد کی موجودگی میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی مشترکہ ترجیحات میں عوامی خوشحالی، استحکام اور ترقی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تقریب کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے درمیان تعاون کا ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس سے دونوں برادر و ہمسایہ ممالک کے درمیان میڈیا تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مواقع فراہم ہوں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی اقوام نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدم ہیں اور اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے علامہ اقبال لاہوری کو دونوں ممالک کا مشترکہ ثقافتی ورثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ میراث عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں۔

وزارتِ اطلاعات کے بیان میں مزید کہا گیا کہ معاہدے پر پی ٹی وی کی چیف ایگزیکٹو فاطمہ شیخ اور ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے نائب سربراہ نے دستخط کیے۔

یاد رہے کہ اگست 2023 میں بھی ایران کی خبر رساں ایجنسی "ایرنا" اور پاکستان کی سرکاری خبر ایجنسی "ایسوشی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)" کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے اکیسویں پاک-ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر ایک تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha