1 نومبر 2025 - 16:56
البرادعی: عرب حکومتیں اسرائیل کے خلاف قانونی کارروائی سے خائف ہیں

اقوام متحدہ کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سابق سربراہ اور مصر کے سابق نائب صدر محمد البرادعی نے کہا ہے کہ زیادہ تر عرب حکومتیں اسرائیل کے خلاف کسی بھی عدالتی اقدام میں شامل ہونے سے خوف کھاتی ہیں، حالانکہ وہ خود کو فلسطین کے مسئلے کا علمبردار سمجھتی ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق،  محمد البرادعی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر ایک پیغام میں عرب ممالک کے طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً تمام ملک، تنظیمیں اور ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت اور دیگر انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت میں دائر کی گئی شکایت اور اسی نوعیت کے دیگر مقدمات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، لیکن ان کے مطابق زیادہ تر وہ ممالک جنہوں نے اس کارروائی میں حصہ لیا یا الگ سے شکایت درج کرائی ہے — جیسے کولمبیا، لیبیا، میکسیکو، فلسطین، اسپین، ترکی، بولیویا، بنگلہ دیش، کومور، جیبوتی اور جنوبی افریقہ — عرب نہیں ہیں۔

البرادعی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "ہم عرب خود کو فلسطین کے مسئلے کا وارث سمجھتے ہیں، مگر اسرائیل کے خلاف قانونی کارروائی میں ہماری عدم موجودگی اس دعوے کے منافی ہے۔"

انہوں نے مزید لکھا: "میرا خیال ہے کہ عرب حکومتیں اسرائیل کے خلاف کسی بھی قانونی اقدام کا حصہ بننے سے ڈرتی ہیں... کاش میرا یہ گمان غلط ثابت ہو!"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha