22 اکتوبر 2025 - 09:28
بھارتی ریاست کشمیر کے حوزہ علمیہ امام ہادی ع میں علمی نشست منعقد ہوئی

نورخواہ اُوڑی میں قائم حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام کی جانب سے ایک پُرفضا مقام پر علمی و دینی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلابِ حوزہ اور مقامی مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، نورخواہ اُوڑی میں قائم حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام کی جانب سے ایک پُرفضا مقام پر علمی و دینی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلابِ حوزہ اور مقامی مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز باقاعدہ تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسول (ص) اور منقبتِ اہلِ بیتؑ پیش کی گئی، جنہوں نے محفل کے روحانی ماحول کو مزید منوّر کر دیا۔

پروگرام کے دوران مقررین نے دینی تعلیم کی اہمیت، اخلاقی تربیت اور طلاب کی علمی و سماجی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر حوزہ کے اساتذہ نے "معرفتِ امامِ زمانہؑ" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلابِ کرام کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے علم کو عملی میدان میں بروئے کار لائیں، معاشرے میں دینِ اسلام کے پیغام کو مؤثر انداز میں پہنچائیں، اور امامِ زمانہؑ کی معرفت کو اپنی زندگی کا محور بنائیں۔

مقررین نے کہا کہ حوزہ علمیہ امام ہادیؑ آج علم، ایمان اور معرفت کا روشن مرکز بن چکا ہے، یہ وہ مقام ہے جہاں طلابِ دین پروان چڑھ رہے ہیں، لوگ بیدار ہو رہے ہیں، اور معرفت اہلِ بیتؑ میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوزہ کا مقصد محض تعلیم نہیں بلکہ تربیت، انسان سازی اور معرفتِ امامِ زمانہؑ کا فروغ ہے۔ یہی ادارہ دینی و روحانی بیداری کا منبع بن چکا ہے، جو ایّامِ فاطمیہؑ، شہادتِ امیرالمؤمنینؑ، ولاداتِ معصومینؑ اور دیگر دینی مناسبتوں کو زندہ رکھ کر امت کو بیدار کر رہا ہے۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ ہم حوزہ علمیہ کے ساتھ کھڑے ہوں، اس کی خدمت کریں، اس کے مشن کو آگے بڑھائیں، کیونکہ حوزہ علمیہ کے ساتھ وابستگی دراصل امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کی تیاری ہے۔

اختتامی کلمات میں مقررین نے حوزہ کے تعلیمی و تربیتی امور پر گفتگو کی اور طلاب کو نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کی تاکید کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha