اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف دوحا قطر پہنچ گئے جہاں وہ عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے ہنگامی اجلاس میں شریک ہیں، انہوں نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔
قطر کے وزیر ثقافت شیخ عبد الرحمٰن بن حمد بن جاسم بن حمد ال ثانی نے دوحا ائیرپورٹ پر وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
یہ کانفرنس اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کے لیے بلائی گئی ہے۔ کانفرنس میں 50 سے زائد مسلم ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم کی فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، تاجکستان اور مصر کے صدور، ملائیشیا کے وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطین کے صدر محمود عباس پرتپاک انداز اور گرمجوشی سے ملے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی وزیراعظم کے ساتھ اعلیٰ سطح وفد میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور قطر و دیگر علاقائی ریاستوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی و علاقائی اتحاد کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 11 ستمبر کو دوحا کا دورہ کیا اور قطر کی سلامتی و خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے اس کے عزم کا اظہار کرنے کے لیے قطری قیادت سے ملاقات کی۔
آج دوحا میں منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان اور دیگر مسلمان ممالک کے سربراہان کی شرکت امت مسلمہ میں مضبوط اتحاد اور علاقائی امن قائم کرنے کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔
دریں اثنا کانفرنس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے عرب اسلامی اجلاس سے خطاب کیا اور قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین کا مسئلہ حل کرنے پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ