30 اگست 2025 - 16:59
وزیراعظم چین کے دورے پر تیانجن شہر پہنچ گئے، ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

وزیراعظم چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات بھی کریں گے جس میں پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات ہو گی

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر چینی شہر تیانجن پہنچ گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے چین کے دورے پر روانہ ہوئے۔

چینی شہر تیانجن پہنچنے پر چینی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 30 اگست سے 4 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم 25 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستان کی خطے میں امن کی کوششوں، علاقائی روابط میں اضافے اور خطے کی عوام کی ترقی کے فروغ کے حوالے سے مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات بھی کریں گے، ملاقاتوں میں پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات ہو گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم صدر شی اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے، فوجی پریڈ بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ پر ہو گی۔

وزیراعظم ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جس میں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری پر بات ہو گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha