20 اگست 2025 - 16:49
کراچی میں بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 12 ہوگئی

کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

اہل بہت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کراچی میں کل کی سیلابی صورتحال کے اثرات آج بھی شہر کی سڑکوں پر خراب گاڑیاں اورگڑھوں کی صورت نظر آرہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید  میں پچھلے 24 گھنٹے میں 178 ملی میٹر  اور یونیورسٹی روڈ پر 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کل کی سیلابی صورتحال کے بعد اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے،۔کارساز، ملیر ہالٹ اور دیگر مقامات پر خراب گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہیں۔ اولڈ سٹی ایریا، آرام باغ، سندھ ہائی کورٹ، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں برساتی پانی جمع ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے 2000 فیڈرز بحال ہیں۔، کے الیکٹرک کے 240 فیڈرز تاحال بند ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔گلستان جوہر، سلطان آباد، نارتھ ناظم آباد، ملیر، معین آباد، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، گڈاپ، بن قاسم، سرجانی، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال اور ڈی ایچ اے میں 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
 

دوسری جانب بارش کو رکے کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود پروازوں کا شیڈول معمول پر نہیں آسکا، ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بڑی طرح متاثر ہے۔جناح ٹرمینل سے آپریٹ ہونے والی متعدد اندرون ملک پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ائیرپورٹ پر تعینات پی اے اے اور ائیرلائنز عملے کی بڑی تعداد ڈیوٹی پر نہیں پہنچ سکی۔

شہر میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے آج کراچی کی عدالتوں میں چھٹی کا اعلان کیا  تھا۔ سندھ ہائی کورٹ، کراچی پرنسپل سیٹ اور ماتحت عدالتیں آج بند رہیں۔

مون سون ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی حصے پر اثر انداز ہیں اور ان ہواؤں کے زیر اثر  آج  مزید جب کہ کل بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،کہیں کہیں تیز موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے، اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha