21 مئی 2025 - 14:27
پاکستان: خضدار میں  دہشتگردی کا نشانہ بننے والی بس میں 44 بچے سوار تھے، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم ان لوگوں کو چن چن کرمار سکتے ہیں، دہشتگردوں کی اتنی استعداد نہیں، میرا وعدہ ہے بلوچستان میں امن لوٹ آئے گا، ریاست سب کچھ کر سکتی ہے،اب فیصلہ کرنا ہوگا، خاموش تماشائی کا کردار نہیں ہوگا۔ 

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | پاکستانی صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار میں  دہشتگردی کا نشانہ بننے والی بس میں44بچے سوار تھے، دھماکا آئی ای ڈی کا تھا، خودکش نہیں تھا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس طرح کے واقعے کی ٹھوس انٹیلی جنس معلومات تھیں، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کی توقع نہیں تھی، بچوں کو بے دردی سے شہید اور زخمی کیا گیا۔ یقین نہیں آر رہا کہ دشمن اتنا گر جائے گا کہ معصوم بچوں کو سافٹ ٹارگٹ کے طور چنے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم ان کے خون کا بدلہ لیں گے، ٹرین واقعے اور نوشکی واقعے میں ملوث دہشتگرد جہنم واصل ہو ئے، اس واقعے میں ملوث عناصر کو بھی جہنم واصل کیا جائے گا، جنہوں نے یہ حرکت کی ہے حکومت اور ریاست ان کو چن چن کر جہنم واصل کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ بھارت سے پیسے لے کر لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، افغان عبوری حکومت کو یاد دلاتا ہوں کہ آپ کی سرزمین بار بار ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے، دہشتگرد بھارت کی پراکسی ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو سمجھنے کی کوشش کریں، دہشتگردی اور تشدد کو کوئی اور نام دیا جاتا ہے، اس مائنڈ سیٹ سے نکل آئیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم ان لوگوں کو چن چن کرمار سکتے ہیں، دہشتگردوں کی اتنی استعداد نہیں، میرا وعدہ ہے بلوچستان میں امن لوٹ آئے گا، ریاست سب کچھ کر سکتی ہے،اب فیصلہ کرنا ہوگا، خاموش تماشائی کا کردار نہیں ہوگا۔ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha