15 جون 2009 - 19:30

قابض اسرائیلی حکام نے اہالیاں غرب اردن کو مسجد اقصی میں نماز عید الفطر ادا کرنے سے روک دیا۔

 عینی شاہدوں کا کہنا ہے "قلندیا" کراسنگ پر تعینات فوجیوں نے غرب اردن سے آنے والے نمازیوں کو کراسنگ عبور کر کے بیت المقدس نماز عید ادا کرنے کے لئے جانے کی اجازت نہیں دی۔  قلندیا کراسنگ القدس شہر کو غرب اردن سے ملاتی ہے۔ادائیگی نماز کے لئے جانے والے فلسطینیوں نے بتایا کہ فوجیوں نے انہیں بتایا کہ "ہائی کمان" نے انہیں حکم دیا ہے کہ علاقے سے کسی کو القدس میں نماز عید کے لئے داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ القدس داخلے کے لئے حکام سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ عمومی طور پر بزرگ فلسطینیوں کو ایسے موقع پر القدس جانے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے اہالیاں غرب اردن کو پورے رمضان المبارک مسجد اقصی میں ادائیگی نماز سے محروم رکھا، اسی جابرانہ اقدام کو جاری رکھتے ہوئے انہیں عید کی نماز بھی قبلہ اول میں ادا کرنے کی اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کا یہ اقدام انسانی اور دینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قبضے میں رہنے والے اہالیاں غرب اردن کو عالمی معاہدے اور قوانین بھی اس امر کی اجازت دیتے ہیں کہ وہ اپنے دینی شعائر آزادنہ ادا کریں۔