13 اگست 2016 - 21:47
ایرانی وزیر خارجہ ترکی کا دورہ مکمل کر کے تہران لوٹ آئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ترکی کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے واپس تہران لوٹ آئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات اپنے دورۂ ترکی کے اختتام پر ارنا کے ساتھ گفتگو کے دوران اس دورے اور ترکی کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو مثبت اور دوستانہ قرار دیا۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران کے نائب صدر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی عنقریب ترکی کا دورہ کریں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ترکی کے صدر کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع، خطے اور شام کی صورتحال ، باہمی تجارتی حجم میں اضافے اور ایران و ترکی کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کئے جانے کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔

محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران اورترکی کے صدور نے فیصلہ کیا ہےکہ دونوں ممالک کا تجارتی حجم سالانہ تیس ارب ڈالر تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی کے صدر کے ساتھ ملاقات میں علاقائی مسائل، دہشت گردی کے مقابلے اور سیاسی و سیکورٹی تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ترکی کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلے میں بہت اچھے مذاکرات ہوئے۔

واضح رہے کہ محمد جواد ظریف جمعے کے دن ایک اعلی سطحی سیاسی وفد کے ہمراہ انقرہ کے دورے پرگئے تھے جہاں انہوں نے سب سے پہلے اس ملک کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں توسیع اورعلاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ترکی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد محمد جواد ظریف نے ترکی کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

محمد جواد ظریف جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات تہران واپس لوٹ آئے۔

.......

/169