3 اگست 2016 - 18:05
ایران؛ تکفیری دھشتگردوں کے بڑے نیٹ ورک کو نابود کر دیا گیا

ایران کی وزارت انٹیلی جینس نے مغربی صوبے کردستان میں تکفیری دہشت گردوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے بعد اسے تہس نہس کر دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی وزارت انٹیلی جینس کے جاری کردہ بیان کے مطابق تکفیری دہشت گردوں کا یہ نیٹ ورک، نام نہاد توحید و جہاد نامی گروپ کے نام سے ایران کے مغربی علاقے میں سرگرم تھا۔ ایران کی وزارت انٹیلی جینس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تکفیری دہشتگردوں کا یہ گروہ، صوبہ کردستان کے مختلف شہروں میں مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کے واقعات میں ملوث رہا ہے۔ بیان کے مطابق پچھلے سات سال کے دوران اس گروہ نے کم سے بیس افراد کو شہید اور چالیس دیگر کو زخمی کیا ہے جن میں علاقے کے متعدد اہلسنت علمائے کرام، سیکورٹی اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔ بیان کے مطابق اس گروہ کے ارکان نے معروف اور بااثر اہلسنت عالم دین برھان عالی اور ماہرین کی کونسل کے رکن محمد شیخ الاسلام کو بھی شہد کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تکفیری نیٹ ورک کے بہت سے ارکان، سیکورٹی فورس کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں مارے گئے ہیں جبکہ درجنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار کئے جانے والوں میں سے بعض کو عدالتی کارروائیوں کے بعد موت اور عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲