30 جولائی 2016 - 15:46
ایران کا مغرب کو انتباہ، جامع ایٹمی سمجھوتہ پر عمل درآمد مغرب کے طرز عمل پر منحصر

ایران نے انتباہ دیا ہے کہ جامع ایٹمی سمجھوتے پرعمل درآمد کا انحصار مغرب کے طرزعمل پر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق کمیشن کے ترجمان حسین نقوی حسینی نے کہا ہے کہ جامع ایٹمی سمجھوتے پرعمل درآمد کا انحصار مغرب کے رویے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریق مقابل کی طرف سے مسلسل جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے متعلق خبریں منظرعام پر آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی مقابل فریق جییسا اقدام کرسکتے ہیں۔

حیسن نقوی حسینی نے کھل کر کہا کہ امریکیوں نے جامع ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد کے آغاز ہی میں معاہدے کی خلاف ورزی شروع کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور بین الاقوامی ادارے اس بات کے گواہ ہیں کہ ایران نے نہایت خلوص کے ساتھ ان مذاکرات میں شرکت کی اور بارہ سال کے بعد یہ مذاکرت اپنے انجام کو پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ جامع ایٹمی سمجھوتے میں ایران اور "فائیو پلس ون" سے موسوم چھ بڑی طاقتوں کے گروپ کے لئے کچھ ضابطوں اوراختیارات کا تعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے ایک اصول یہ ہے کہ اگر کوئی بھی فریق معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوتا ہے تو مقابل فریق اپنے حق سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مماثل اقدام عمل میں لاسکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲