اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا : سری نگر سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ منگل کو اننتناگ کو چھوڑ کر وادی کے سبھی اضلاع میں کرفیو ہٹالیا گیا تھا لیکن پرتشدد مظاہروں کے بعد بدھ کو دوبارہ بعض علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے - حکام کا دعوی ہے کہ حالات معمول پر آرہے ہیں لیکن صورتحال کشیدہ ہے -
وادی کے کلگام علاقے میں ایک عوامی مارچ کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورس نے حفاظتی انتظامات کئے - پولیس نے کلگام مارچ کو ناکام بنانے کے لئے مزاحمتی جماعتوں کےرہنماؤں منجملہ سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو حراست میں لے لیا - ان دونوں رہنماؤں نے بدھ کوکلگام مارچ کی اپیل کی تھی - کلگام کے علاوہ بعض دیگر علاقوں میں بھی کرفیو دوبارہ نافذ کر دیا گیا ہے -
حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے وادی میں موبائل سروس بحال کردی ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس اکثر علاقوں میں بند ہے-
واضح رہے کہ گذشتہ آٹھ جولائی سے وادی میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران بعض اطلاعات کے مطابق اب تک ساٹھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن کے بارے میں کہا جارہاہے کہ وہ سیکورٹی فورس اور پولیس کی براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں- اس عرصے میں پانچ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں-
.......
/169