اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بغداد میں کابینہ کی میٹنگ میں بتایا ہے کہ موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن میں عراقی افواج بہت تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ داعش کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بتایا کہ القیارہ میں داعش کے سیکڑوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ انھوں نے بتایا کہ اسی طرح فلوجہ کے نزدیک بھی داعش کے سیکڑوں دہشت گرد مارے گئے ۔ عراق کے وزیر اعظم نے بتایا کہ بغداد کے علاقے الکرادہ اور البلد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد صحرائے الانبار میں داعش کے ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔
عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی کا کہنا تھا کہ الکرادہ کے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد افواہیں پھیلاکے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش، موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن کو رکوانا چاہتا تھا لیکن اپنے اس مقصد میں ناکام رہا ہے۔
عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے اسی کے ساتھ ملک کی سبھی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو باقی رکھیں اور فلوجہ اور موصل سیکٹر پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کے تحفظ کے ساتھ ہی ملک کو داعش کے وجود سے پوری طرح پاک کرنے کے آپریشن میں بھر پور تعاون جاری رکھیں ۔
ادھر عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج موصل کی جانب بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیں ۔
اسی کے ساتھ حکومت عراق نے افراتفری اور کشیدگی پھیلانے والے اقدامات سے پرہیز کی ضرورت پر بھی تاکید کی ہے۔
وزیر اعظم حیدرالعبادی کے دفتر نے ایک بیان جاری کر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے ہر اقدام سے پرہیز کریں جس سے ملک میں اختلاف، افراتفری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہو۔
حکومت عراق نے عوام سے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی فوج اور سیکورٹی دستوں کے ساتھ تعاون پر مبنی اپنی تاریخی ذمہ داریوں کو محسوس کریں اور ان پر عمل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲