10 جولائی 2016 - 12:58
شمخانی: عراق اور شام کے لئے فوجی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے

اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہوجانے تک عراق اور شام کے ساتھ فوجی مشاورت اور اس سلسلے میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے اتوار کو تہران میں عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ سید عمار حکیم سے ملاقات میں دہشت گردوں کے قبضے سے فلوجہ کی آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اتحاد اور مقامی توانائیوں سے استفادے کا کامیاب تجربہ ہی دہشت گردوں کے خلاف جنگ خاص طور پر اس وقت موصل کی آزادی کا بہترین راستہ ہے - ان کا کہنا تھا کہ داعش کے دہشت گردانہ اقدامات اور خوفناک بم دھماکے جن میں بڑی تعداد میں معصوم عراقی شہری شہید ہوئے ہیں دہشت گردوں کی ناکامی اور ان کی بے بسی کی علامت ہیں - انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردانہ اقدامات اور مظالم کے نتائج خود دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بھگتنے پڑیں گے- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب امریکا اور اس کے اتحادی عراق اور شام میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بہانے اپنے سات سالہ منصوبے کے تحت ان ملکوں میں اپنی بلاجواز موجودگی کا جواز تلاش کرنے میں لگے ہوئے تھے عراقی عوام اور افواج کی توانائیوں نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے ہی دم پر داعش کا صفایا کرسکتے ہیں - اس ملاقات میں عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ سید عمار حکیم نے بھی عراق کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ کے بارے میں رپورٹ پیش کی - انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد کے تعلق سے اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا -

۔۔۔۔۔۔۔

/169