10 جولائی 2016 - 12:51
عراق جنگ غیرقانونی تھی برطانیہ کے سابق نائب وزیراعظم کا اعتراف

برطانیہ کے سابق نائب وزیر اعظم جان پرسکاٹ نے کہا ہے کہ عراق جنگ غیر قانونی تھی

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلئر حکومت میں دوسرے بڑے اعلی عہدیدار اور ان کے نائب جان پرسکاٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ٹونی بلئر نے عراق پر حملے سے آٹھ مہینے قبل اس وقت کے امریکی صدر جارج بش کو ایک خط ارسال کرکے یقین دلایا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں - جان پرسکاٹ نے جواب اس وقت برطانوی دارالامرا کے رکن ہیں کہا کہ عراق کی جنگ کا نتیجہ انتہائی خوفناک نکلا ہے - ان کا کہنا تھاکہ دوہزار چار میں اقوام متحدہ کے اس وقت کے سکریٹری جنرل کوفی عنان نے بھی کہا تھا کہ یہ جنگ غیرقانونی تھی - جان پرسکاٹ نے کہا کہ بہت ہی افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ کوفی عنان نے جو بات کہی تھی وہ صحیح تھی-
برطانیہ کے سابق نائب وزیر اعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پچھلے ہفتے چلکوٹ کمیشن کی رپورٹ میں بھی صراحت کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے یہ جنگ کسی بھی صورت میں مناسب نہیں تھی- چھے ہزار صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں ٹونی بلئر پر شدید تنقید کی گئی ہے - برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بہت سے ارکان ٹونی بلئر پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں- جبکہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد لندن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے مظاہرہ کرکے ٹونی بلئر پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا - چلکوٹ کمیشن کی رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ٹونی بلئر نے بھی کہا ہے کہ ہمیں اس جنگ کی ذمہ داری قبول کرلینی چاہئے انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ عراق جنگ کے نتیجے میں ہی داعش وجود میں آیا تھا - ان کا کہنا تھا کہ داعش کے وجود میں آنے کی ذمہ داری کسی حد تک برطانیہ اور امریکا پر بھی عائد ہوتی ہے -

۔۔۔۔۔۔۔

/169