اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو آذربائیجان کے صدر الہام علی اف سے ٹیلیفونی گفتگو میں انہیں عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور باکو کے قوی ارادے اور دونوں ملکوں کی اقوام کی ایک دوسرے سے محبت باہمی روابط کے فروغ کی محکم بنیاد ہے۔
صدر مملکت نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، تہران باکو روابط کو اعلی ترین سطح تک پہنچانے کے لئے تیار ہے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ باکو، تہران کے ساتھ تمام شعبوں میں روابط کے فروغ کے لئے تیار ہے۔
آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ایران اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، نقل و حمل اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں روابط کے فروغ کے لئے جو دستاویزات تیار کی گئی ہیں وہ تہران اور باکو کے روابط کے اچھے مستقبل کی عکاسی کرتی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح ترکمنستان کے صدر قربانعلی بردی محمد اف کو بھی ٹیلیفون پر عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور ترکمنستان کے ساتھ روابط کے فروغ کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں قرار دیا۔
ترکمنستان کے صدر قربان علی بردی محمد اف نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران کے ذریعے خلیج فارس تک ترکمنستان کی رسائی کو بہت اہم قرار دیا اور تہران کے ساتھ سبھی میدانوں میں روابط کے فروغ کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔
صدر مملکت نے افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں بھی انہیں، ان کی حکومت کے اراکین اور افغانستان کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کابل کے ساتھ روابط میں توسیع کو تہران کے لئے اہم قرار دیا۔
افغان صدر محمد اشرف غنی نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران کے صدر، حکومتی ارکان اور ایرانی عوام کو عید الفطر کی مبارکبار پیش کرتے ہوئے ایران کے ساتھ سبھی شعبوں میں روابط کے فروغ کے لئے اپنی حکومت کی آمادگی کا اعلان کیا۔
.......
/169