29 جون 2016 - 00:06
وزیر توانائی: ایران اور آذربائیجان کے درمیان بجلی کے تبادلے کا انفرا اسٹریکچر تیار

ایران اور آذربائیجان کے درمیان بجلی کے تبادلے کے لیے لازمی انفرا اسٹریکچر مکمل کرلیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران اور آذربائیجان کے درمیان بجلی کے تبادلے کے لیے لازمی انفرا اسٹریکچر مکمل کرلیا گیا ہے۔ یہ بات ایران کے وزیر توانائی حمید چیت چیان نے منگل کے روز ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ بجلی کے تبادلے کے لیے پول اور لائنیں نصب کردی گئی ہیں۔ حمید چیت چیان نے بتایا کہ بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کے ذریعے ایران اور آذربائیجان، چھے سو مگاواٹ بجلی کا ایک دوسرے سے تبادلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بجلی کا تبادلہ رواں سال موسم گرما میں شروع ہوجائے گا۔

اس سے قبل ایران کی بجلی برآمد کرنے والی کمیٹی کے سربراہ پیام باقری نے کہا تھا کہ ایران اور روس کے درمیان بجلی کے تبادلے کا معاہدہ آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ تہران اور باکو کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے مطابق گرمی کے موسم میں روس ، ایران کو اور سردی کے موسم میں ایران، روس کو آذربائیجان کے راستے بجلی فراہم کرے گا۔

.......

/169