23 جون 2016 - 12:40
ایرانی بچوں کا بان کی مون کے نام خط؛ بچوں کی جانوں کا سودا ڈالر سے نہ کریں

ایران کے قلمکاربچوں کی انجمن نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے نام ایک خط ارسال کرکے ان سے کہا ہے کہ ڈالر کے عوض بچوں کی جان کا سودا نہ کریں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے اہل قلم یا قلمکار بچوں کی انجمن نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنر ل بان کی مون کے نام خط ارسال کرکے سعودی عرب کا نام بلیک لیسٹ سے نکالنےکے ان کے اقدام کو یمنی بچوں کی پاک و صاف دنیا اور ان کی زندگی کے صفحات پر سیاہی چھڑکنے اور گرد وخاک سے آلودہ کرنے کے مترادف قراردیا -

اس خط میں کہا گیا ہے کہ بچے بڑے ہونے کی آرزو کرتے ہیں اور ان میں زندہ رہنے اور بڑے ہونے کی امنگ ہوتی ہے لیکن یمن کے بچے پچھلے ایک سال سے زائد عرصے سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں مارے جارہے ہیں اور زندہ رہنے کی ان کی خواہشوں کو ان کی موت کے ساتھ دفن کردیا جارہاہے-

ایران کے اہل قلم یا قلمکار بچوں کی انجمن نے بان کی مون کے نام اپنے خط میں کہاہے کہ آج یمن کے معصوم بچوں کو فراموش کردیا گیا ہے گویا یہ طے کرلیا گیا ہے کہ یمن کے بچے بڑے نہ ہوں اور اس لائق نہ ہوں کہ وہ بھی اقوام متحدہ کے نام کو جانیں یا یہ سمجھیں کہ اس ادارے کا اہم ترین فریضہ اس بنیادی ترین حق کا دفاع کرنا ہے جس کو دنیا کا ذرہ ذرہ تسلیم کرتاہے یعنی جینے کا حق ، زندگی گذارنے کا حق اور بڑے ہونے کا حق ۔

ایرانی بچوں کی مذکورہ انجمن نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ یمن کے بے سہارا بچوں کے سرپراقوام متحدہ کی حمایت کا سایہ کرنا اوران کو بمباریوں اور میزائلوں سے بچانا اس عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری ہے-

ایرانی بچوں کی انجمن نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے درخواست کی ہے کہ وہ بچوں کے احترام ، بچپنے کے احترام اور انسانیت کے احترام کے نام پر سعودی عرب کے ہاتھوں یمنی بچوں کے قتل عام کو روکیں اور یمن کے معصوم بچوں کو جینے کا حق دیں -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲