12 جون 2016 - 14:17
سعودی حکومت کا نام بلیک لسٹ میں دوبارہ شامل کرنے کا مطالبہ: علاء الدین بروجردی

ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی حکومت کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں دوبارہ شامل کیا جائے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے رکن ڈاکٹر علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو جرائت مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے سعودی حکومت کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں دوبارہ شامل کرنا چاہئے ۔

انھوں نے کہا کہ بان کی مون نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سعودی حکومت کا نام دباؤ اور دھمکی کے بعد بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست سے نکالا گیا ہے ۔ ایران کے رکن پارلیمنٹ علاء الدین بروجردی نے کہا کہ اس اعتراف کا تقاضا یہ ہے کہ بان کی مون جرائت مندی کا مظاہرہ کریں اور سعودی حکومت کا نام دوبارہ اس فہرست میں شامل کریں۔

انھوں نے کہا کہ یمن پر سعودی جارحیت میں بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام رکوانا اقوام متحدہ کے فرائض میں شامل ہے۔ ایران کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے دس ہزار سے زائد بے گناہ یمنی باشندوں کو شہید کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ ان جرائم پر نہ صرف یہ کہ سعودی حکومت اوراس کے اتحادیوں کے نام بلیک لسٹ میں شامل کرے بلکہ جنگی مجرمین کے عنوان سے سعودی حکام پر مقدمہ بھی چلائے ۔

ڈاکٹر علاء الدین بروجردی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مالی معاونت بند کرنے کی دھمکی کے بعد سعودی حکومت کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست سے نکال دیئے جانے سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ دنیا کے ممالک اور عالمی ادارے کس حدتک سعودی حکومت کی مفت ہاتھ آنے والی دولت اور اس کے اتحادیوں کی لابی کے دباؤ میں ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے دباؤ اور دھمکی میں آکے سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست سے نکال کر اپنے وقار کو مجروح کیا ہے۔

.......

/169