5 جون 2016 - 18:12
داعش میں پاکستانیوں کی بھرتی کا انکشاف، حکومت پاکستان نے تحقیقات شروع کر دی

غیر ملکیوں کے ایک گروپ کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو داعش میں بھرتی کرنے کے انکشاف کے بعد حکومت پاکستان نے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روزنامہ پاکستان اور جنگ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سینئر انٹیلی جنس افسران نے بتایا کہ انہوں نے سکیورٹی اداروں کو داعش کے کارکنوں کی موجودگی سے آگاہ کر دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کینیڈا اور شام سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایک گروپ پاکستانی شہریوں کو داعش میں بھرتی کرنے کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔ یہ لوگ شام کی سفری دستاویزات پر پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔

انسداد دہشت گردی سے متعلق سرکاری عہدیداروں نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ ”انٹیلی جنس ایجنسیاں داعش کے دو سو کے قریب مشتبہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں جو کہ پاکستان میں داعش کی بھرتی کے لیے داخل ہوئے ہیں۔ یہ غیرملکی قبائلی علاقوں کی کالعدم تنظیموں کے علاوہ بلوچستان کے دیہی علاقوں جنوبی پنجاب اور کراچی میں کام کر رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ان افراد کے نام کے حوالے سے پہلے ہی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲