5 جون 2016 - 07:22
ایرانی وزارت خارجہ کا امریکہ کی سالانہ رپورٹ کے بارے میں شدید ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے میں کہ جب امریکی اتحاد علاقے میں مختلف روشوں سے داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کر رہا ہے ، ایران ، عراق اور شام میں دہشت گردی سے مقابلے میں فرنٹ لائن پر موجود ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے میں کہ جب امریکی اتحاد علاقے میں مختلف روشوں سے داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کر رہا ہے ، ایران ، عراق اور شام میں دہشت گردی سے مقابلے میں فرنٹ لائن پر موجود ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے کہا کہ ایران نے عملی طور پر یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ اس نے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے بہت ٹھوس اور موثر اقدامات انجام دیئے ہیں اور ایران اپنی اصولی پالیسی کے دائرے میں، ماضی کی مانند دہشت گردی سے ہمہ جانبہ مقابلے کے لئے دیگر حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے-

جابری انصاری نے امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ رپورٹ کے جواب میں ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ رپورٹ میں ، ایک بار پھر ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا جھوٹا الزام عائد کرکے ، آشکارہ حقائق کا مذاق اڑایا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ اپنی آزادی و خودمختاری اور تسلط سے نجات پانے کے لئے استکبار کے زیر تسلط قوموں کی قانونی جدو جہد ، دہشت گردی نہیں ہے اور ایران کے خلاف امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ رپورٹ میں عائد کئے گئے بعض الزامات ، غاصب اور جارح صیہونی حکومت کی خواہشات کی تکمیل کے آئینہ دار ہیں، ایک ایسی حکومت جس کی پالیسی غاصبانہ قبضے، سرکاری دہشت گردی اور انسان دوستانہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور فلسطینی قوم کے قتل عام اور نسل کشی پر استوار ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی دوہرے معیار کی پالیسی کو علاقے اور دنیا میں دہشت گردی کے فروغ کا اہم عامل قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کی جانب سے دہشت گردی کا بطور ہتھکنڈہ استعمال، اور عام شہریوں کے خلاف دہشت گرد گروہوں کی وحشیانہ کاروائیوں سے امریکہ کی چشم پوشی ، دہشت گردی کے مزید پھیلنے اور پوری دنیا میں اس سے مقابلے میں مشکلات اور دشواری کا باعث بنی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169