اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولدالشیخ احمد نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان شروع ہونے سے بیس روز قبل کے اندر جنگ یمن کے قیدیوں کے درمیان تبادلے کا عمل انجام پائے گا۔ انھوں نے کہا کہ صوبے صنعا میں انصاراللہ کے پاس قیدیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے زائد ہے۔ اس سے قبل کویت مذاکرات میں شریک یمنی فریقوں نے سیاسی قیدیوں کی آزادی کے بارے میں اتفاق کیا۔ کویت مذاکرات میں یمن کے قومی وفد نے یمن پر حملے بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم کرنے کے لئے منصفانہ سیاسی راہ حل پر زور دیتے ہوئے مذاکرات کی بنیاد پر طے پانے والے سمجھوتے کے ذریعے قیام امن کی ضرورت پر تاکید کی۔
یمنی وفد نے اپنے ملک کے جاری محاصرے اور بیرونی ممالک کی جانب سے اس ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بحران کا فوری طور پر راہ حل تلاش کئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی تاکہ یمن میں عام شہریوں کے مسائل و مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت سے بعض عرب ملکوں کا اتحاد تشکیل دے کر اور یمن میں اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے لئے ایک سال سے زائد عرصے قبل وحشیانہ حملوں کا آغاز کیا ہے جس میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں یمنی عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔
.......
/169