10 مئی 2016 - 19:05
امریکہ کا شام میں جنگ بندی کا دعویٰ

امریکی وزیر خارجہ نے شام میں جھڑپوں کے خاتمے کے بارے میں واشنگٹن اور روس کے درمیان معاہدے کی خبر دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیرس میں شام کے نام نہاد دوست ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور روس نے بحران شام کے حل کے بین الاقوامی گروپ کے سربراہوں کی حیثیت سے پورے شام میں جھڑپوں کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ دستاویز جاری کی ہے۔

 جان کیری نے دعوی کیا کہ معاہدوں پر عمل درآمد کا دارومداران علاقوں پر کہ جن میں عام شہری رہتے ہیں، پرواز کرنے کے بارے میں شام کو محدود کرنے کے سلسلے میں روس کے اقدام پر ہے۔

روس اور امریکہ کے درمیان اس معاہدے کے موقع پر شامی فوج نے حلب اور اس کے نواح میں جنگ بندی کی مدت میں مزید اڑتالیس گھنٹے کی توسیع کی خبر دی ہے۔ شامی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ جنگ بندی پیراور منگل کی درمیانی شب ایک بجے سے شروع ہو کر بدھ کی رات بارہ بجے تک جاری رہے گی۔

شام کے شمالی شہرحلب میں جنگ بندی پرعمل درآمد پانچ مئی سے شروع ہوا اور یہ دوسری مرتبہ ہے کہ حلب میں عارضی بندی میں توسیع کی جا رہی ہے۔ جیش الاسلام اور احرار الشام سمیت دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ سے وابستہ مسلح گروہوں نے حلب پر اپنے حملوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ان حملوں سے حلب کے بےگناہ عوام کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

دہشت گردوں کے حملوں میں سب سے زیادہ شدت حلب کے جنوبی نواحی علاقے خان طومان میں آئی ہے اور یہ علاقہ دہشت گردوں کے قبضے میں ہے۔ جبہۃ النصرہ سے وابستہ دہشت گرد گروہوں کے حملوں میں شدت ایک ایسے وقت میں آئی ہے کہ جب یہ گروہ اور داعش گروہ جنگ بندی معاہدے میں شامل نہیں ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲