7 مئی 2016 - 13:45
حقانی نیٹ ورک پاکستان کے لیے امریکی پینتالیس کروڑ ڈالر کی امداد میں رکاوٹ

امریکی کانگریس نے پاکستان کی امداد روکے جانے کے بل کے مسودے کی توثیق کردی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بل کا مسودہ ان الزامات اور دعوؤں کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے کہ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف ٹھوس اور موثر اقدامات انجام دینے سے گریز کیا ہے۔ اگر یہ بل کانگریس میں رائے شماری کے دوران منظور ہوجاتا ہے تو پاکستان کو دی جانے والی پینتالیس کروڑ ڈالر کی امداد روک لی جائے گی۔

امریکی کانگریس نے اس سے پہلے پاکستان کو دفاع کی مد میں پینتیس کروڑ ڈالر کی امداد روک دی تھی۔

بل کی رو سے مذکورہ امداد کی فراہمی کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کی موثر کارروائیوں کے ساتھ مشروط کر دیا گیا ہے۔

بل کے مسودے کے مطابق امریکہ کے وزیر دفاع کو اس بات کی تصدیق کرنا ہوگی کہ پاکستان، شمالی وزیرستان کی سرزمین کو افغانستان میں دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کرنے والے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی اور سرحد پار دہشت گردوں کے نقل و حمل کو روکنے کے لیے، افغانستان سے تعاون کر رہا ہے۔

چند روز قبل کانگریس نے پاکستان کو آٹھ ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے لیے دیئے جانے والے فنڈز روک دیئے تھے۔ پاکستان کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ایف سولہ طیارے فراہم نہ کیے تو ان کا ملک اپنی ضرورت کے جیٹ طیارے کسی اور ملک سے حاصل کرلے گا۔

.......

/169