اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے راستے شام کے شہر حلب میں دہشت گردوں کی رفت آمد اور اسلحہ کی ترسیل میں اضافے کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حلب کی بحرانی صورتحال کی ذمہ داری شامی فوج پر نہیں بلکہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں پرعائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلب کے بارے میں سامنے آنے والی زیادہ تر رپورٹیں مکمل طور سے جانبدارانہ اور غیر مصدقہ ہیں جن پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس شام میں دہشت گردوں کے خلاف لامحدود جنگ پر زور دیتا ہے اور اپنے شرکا سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مزید کوششیں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، شام کے ان مسلح گروہوں کو جبہت النصرہ سے الگ نہیں کرسکتا جن کی وہ مسلسل حمایت کر رہا ہے۔
دوسری جانب روس کے ایوان صدر کریملن نے حلب میں جنگ بندی کی حمایت اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ کریملن کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شا م کے بارے میں روس کا موقف انتہائی ذمہ دارانہ ہے اور ہم جنگ بندی کو سبوتاژ نہیں ہونے دینا چاہتے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169