اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے چیف الیکشن کمشنر محمد حسین مقیمی نے جمعے کو ملک کے اکیس صوبوں میں دوسرے دور کے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی شرکت کو بہت ہی شاندار قراردیا اور کہاکہ سبھی انتخابی حلقوں میں بہت ہی پرامن ماحول میں ووٹنگ ہورہی ہے - ان کا کہنا تھا کہ سبھی انتخابی حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر قوانین کی پوری طرح رعایت کی جارہی ہے اور کسی قسم کی بے ضابطگی دیکھنے میں نہیں آئی ہے - ایران کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیشتر انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان سنیچر کی صبح آٹھ بجے تک کردیا جائے گا- اور اگر کچھ حلقوں کے نتائج باقی رہ جاتے ہیں تو کوشش ہوگی کہ کل ہی پہلی فرصت میں ان کا بھی اعلان کردیا جائے -
ایران کے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دور کے لئے اکیس صوبوں میں، پچپن حلقوں میں پولنگ جمعے کی صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی ہے - اس دور میں اڑسٹھ نشستوں کے لئے ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب عمل میں آئےگا- اڑسٹھ نشستوں کے لئے ایک سو چھتیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے- پارلیمنٹ کے پہلے دورکے انتخابات چھبیس فروری کو ہوئے تھے جن میں باسٹھ فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا -
.......
/169