28 اپریل 2016 - 17:19
ایران میں پارلیمانی انتخابات کا دوسرا دور

اسلامی جمہوریہ ایران میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دور کے لئے جمعے کو اکیس صوبوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دور کے بعد پارلیمنٹ کے سبھی ارکان کا انتخاب عمل میں آجائے گا- دوسرے دور کے انتخابات میں ملک کے اکیس صوبوں کے پچپن انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے-

ایران کے چیف الیکشن کمشنرمحمد حسین مقیمی نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات کے پہلے دورمیں دوسواکیس اراکین کا انتخاب ہوگیا تھا اوراب دوسرے دورکے انتخابات میں باقی بچے اڑسٹھ ارکان کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے- انہوں نے کہاکہ دوسرے دور کے الیکشن میں ہرنشست سے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا -

الیکشن کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق جن لوگوں نےعام انتخابات کے پہلے دورمیں جس انتخابی حلقےمیں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا وہ دوسرے دورے کے انتخابات میں بھی اسی حلقے میں ہی ووٹ ڈال سکیں گے- لیکن جو لوگ پہلے دور کے انتخابات میں اپنا ووٹ استعمال نہیں کرسکے تھے وہ دوسرے دور میں کسی بھی انتخابی حلقے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں-

دوسرے دورکے انتخابات میں اڑسٹھ نشستوں کے لئے ایک سو چھتیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے -ووٹنگ مکمل ہونے کے فورا بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوجائے گی- انتخابی مہم جمعرات کی صبح آٹھ بجے ختم ہوگئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲