15 اپریل 2016 - 14:20
سرگئی لاوروف: ترکی و شام کی سرحدوں پر عالمی مبصرین تعینات کیے جائیں

روس کے وزیر خارجہ نے ترکی اور شام کی سرحدوں پر عالمی مبصرین کو تعینات کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے شام اور ترکی سرحدوں پر عالمی مبصرین تعنیات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سرحدوں پر عالمی مبصرین کی تعنیاتی ہی سرحدی سیکورٹی کے قیام اور دہشت گردوں کی آمد و رفت کو روکنے کا واحد راستہ ہے۔ روس مسلسل یہ کہتا آرہا ہے کہ شام میں سرگرم دہشت گردوں کی اکثریت ترکی کے راستے شام میں داخل ہوتی ہے۔

سرگئی لاؤروف نے کہا کہ ان کا ملک شام کی ارضی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتا رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ روسی فضائیہ کے شام میں آپریشن کے نتیجے میں شامی حکومت اور مخالفین کے درمیان مذکرات کا راستہ ہموار ہوا ہے ۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ جنیوا میں جاری امن مذاکرات فعال اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماسکو اور واشنگٹن کا شام میں بحران کے حل کے فریم ورک پر اتفاق، مثبت پیش رفت ہے جس کے نتیجے میں جنگ سے متاثرہ شہریوں تک امداد کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169