13 اپریل 2016 - 03:41
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے کا دورہ تہران

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے، شام میں جاری جنگ بندی اور شام سے متعلق جنیوا مذاکرات کے بارے میں ایرانی حکام سے بات چیت کے لئے تہران پہنچے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام سے متعلق جنیوا مذاکرات جو صرف شامی گروہوں کے ہی درمیان ہوں گے ، بدھ تیرہ اپریل سے شروع ہورہے ہیں - اس سے پہلے یہ مذاکرات گیارہ اپریل کو شروع ہونےوالے تھے لیکن شام کےامور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نے اپنے دورہ دمشق اور تہران کے پیش نظر مذاکرات کا یہ عمل دودن کے لئے موخرکردیا تھا - تہران آنےسے پہلےاسٹیفن ڈی میستورانےدمشق میں شامی حکام سے بھی مذاکرات انجام دیئے ہیں -

واضح رہے کہ شام میں گذشتہ ستائیس فروری سے جنگ بندی نافذہے البتہ داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے حملوں کو، اس جنگ بندی سے مستثنی رکھا گیا ہے- اسلامی جمہوریہ ایران نے شام میں جاری جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئےکہا ہے کہ وہ شام کے بحران کے پرامن حل کی حمایت کرتاہے -

اسٹیفن ڈی میستورا نےتہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سے شام میں جاری جنگ بندی اورآئندہ جنیوا مذاکرات کے بارے میں بات چیت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169