1 اپریل 2016 - 19:07
فرانس میں حکومت مخالف مظاہرے

فرانس کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر حکومت کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایک بار پھر فرانس کے مختلف شہروں میں یونیورسٹی طلبا اور مزدور یونینوں کی اپیل پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں لیبر قانون میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کی مخالفت کا اعلان کیا گیا ۔ بعض شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کی رپورٹیں بھی موصول ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ فرانس کے سرکاری ذرائع کے مطابق پیرس میں مظاہرین نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے ہیں جبکہ پولیس نے کم سے کم دس مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق فرانس کے مشرقی شہروں میں مشتعل مظاہرین نے متعدد اے ٹی ایم مشینوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو لیبر قانون میں اصلاحات کے خلاف فرانس کے دوسو مقامات پر مظاہرے انجام پائے جن میں موسم کی خرابی کے باوجود دسیوں ہزار لوگوں نے شرکت کی ۔ فرانس میں لیبر قانون میں اصلاحات کے خلاف یہ مظاہرے ایسے عالم میں انجام پائے ہیں کہ اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ نیز زمینی اور فضائی ٹرانسپورٹ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے ہڑتال کررکھی ہے۔ ہڑتال کے نتیجے میں پیرس سے دوسرے شہروں کے لئے بیس فیصد پروازیں منسوخ ہوگئیں اور سرکاری ریلوے کمپنی ایس این سی ایف نے خبردار کیا ہے کہ ریل ڈرائیوروں کی ہڑتال جاری رہی تو ملک کے اندر اور علاقائی سطح پر ریل گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل واقع ہوسکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت فرانس نے لیبر قانون میں اصلاحات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد لوگوں کو ملازمتیں دینے کے لئے مختلف کمپنیوں اور محکموں کی حوصلہ افزائی ہے لیکن طلبا اور مزدور یونینوں کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں مالی دشواریوں سے دوچار کمپنیاں اپنے ملازمین کو آسانی سے نکال سکیں گی ۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت فرانس میں بے روزگاری کی شرح دس فیصد ہے۔

.......

/169