27 مارچ 2016 - 09:32
عراق اور شام میں داعش کی نابودی قریب

پالمیرا کے مضافاتی علاقوں پر چالیس ہوائی حملوں میں سو سے زائد داعشی ہلاک/ عراقی سیکورٹی فورس کے ہاتھوں داعش کے چالیس دہشتگرد ہلاک۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ روسی لڑاکا طیاروں نے گذستہ چوبیس گھنٹے کے دوران پالمیرا کے مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانورں پر چالیس بار ہوائی حملے کئے جن میں سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ یہ ہوائی حملے ایسی حالت میں انجام پائے کہ شامی فوج نے حالیہ دنوں کے دوران پالمیرا کے مختلف علاقوں میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

پالمیرا کے مضافاتی علاقوں میں شامی فوج اور داعش دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی حالیہ جھڑپوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ داعشی دہشت گردوں نے گذشتہ سال مئی کے مہینے میں شام کے تاریخی شہر پالمیرا پر قبضہ کرلیا تھا۔ شام کا یہ شہر یونسکو کی عالمی میراث کی فہرست میں شامل ہے۔ داعشی دہشت گردوں نے اس شہر پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں کے بہت سے تاریخی آثار کو تباہ کر دیا تھا۔

۔۔۔۔۔

عراق میں درجنوں داعشی ہلاک:

عراقی پولیس کے سربراہ شاکر جودت کے مطابق سیکورٹی فورس کے جوانوں نے چالیس داعشی دہشت گردوں کو اس وقت ہلاک کر دیا جب وہ مشرقی تکریت میں حمرین کی پہاڑیوں پر واقع عراقی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے جنوبی موصل کے شہر قیارہ کے اسٹریٹیجک ٹاؤن حاج علی تک پہنچ گئے ہیں۔

داعش کے قبضے سے صوبہ نینوا کی آزادی کے لئے جاری الفتح آپریشن گزشتہ ہفتے بدھ کو شروع کیا گیا ہے جس میں عراق کی عوامی رضاکار فورس اور کرد ملیشیا کے جوان بھی عراقی فوج کے ساتھ شریک ہیں۔

صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کو عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کا سب سے بڑا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پچھلے چند ماہ کے دوران الرمادی اور تکریت سمیت ملک کے متعدد شہروں اور علاقوں کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

۔۔۔۔۔

/169