اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر صحت سید حسن فاضی زادہ ہاشمی نے کہا ہے کہ ایرانی ماہرین اور ڈاکٹروں کی یہ ٹیم عراق کے وزیر صحت کی درخواست پر شمالی عراق کے صوبے کرکو ک بھیجی گئی ہے۔
عراقی حکام نے بتایا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے جمعے کو دوسری بار شمالی عراق کے صوبے کرکوک کے نواحی شہر تازہ میں کیمیائی بم استعمال کیے ہیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ داعش کے کیمیائی حملوں میں متاثر ہونے والوں میں کافی تعداد میں بچے بھی شامل شامل ہیں جن میں سے کم سے کم تین بچے شہید ہو چکے ہیں۔
ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ کیمیائی حملوں سے متاثرہ افراد خاص طور سے بچوں کے علاج معالجے کے لیے ضروری آلات اور دوائیں بھی فوری طور پر عراق بھیجی جا رہی ہیں ۔
اس سے پہلےعراق کے انسانی حقوق کمشنر فاضل غراوی نے کرکوک کے نواحی شہر تازہ میں داعش کے دہشت گردوں کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کے لیے عالمی میڈیکل ٹیم بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایک قرارداد کے ذریعے تازہ شہر پر داعش کی جانب سے کیمیائی بمباری کی تصدیق اور اس کیس کو جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں داخل کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169