2 مارچ 2016 - 09:47
افغانستان؛ ہندوستان کے قونصل خانے کے قریب بم دھماکہ

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد میں ہندوستان اور دیگر ملکوں کے قونصل خانوں کے قریب بم دھماکے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد میں ہندوستان اور دیگر ملکوں کے قونصل خانوں کے قریب بم دھماکے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

افغان پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ جلال آباد کے اس علاقے میں ہوا ہے جہاں غیر ملکی قونصل خانے واقعے ہیں۔ دوسری افغان نیوز ایجنسی خامہ پریس نے خبردی ہے کہ یہ دھماکہ ہندوستان کے قونصل خانے کے قریب ہوا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ خودکش تھا جس میں ایک حملہ آور نے ہندوستان کے قونصل خانے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق اس حملے میں کم سے کم آٹھ گاڑیوں میں آگ گئی ہے۔ تاحال اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا تاہم پژواک نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ دھماکوں میں کم سے کم چھے افراد زخمی ہوئےہیں۔

کسی شخص یا گروہ نےتاحال اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی ہے۔

تقریبا دو ماہ قبل جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے پر حملہ کیا گیا تھا جس کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔

پچھلے چند ماہ کے دوران افغانستان اور خاص طور سے ننگر ہار صوبے میں داعش دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲