27 فروری 2016 - 16:18
ستر فیصد سے زیادہ حلقوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل

ایران کی پارلیمنٹ اور مجتہدین کی کونسل کے انتخابات کے لئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک ستر فی صد سے زیادہ حلقوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضارحمانی فضلی نے بتایا ہے کہ اب تک گنے گئے ووٹوں کے مطابق ساٹھ فی صد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور مجتہدین کی کونسل، دونوں کے انتخابات کے لئے مجموعی طور پر تقریبا سات کروڑ ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق تین کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ افراد نے ووٹنگ میں حصہ لیا ہے اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد حتمی ٹرن آؤٹ میں مزید اضافہ ہو گا۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے اور امید ہے کہ آج رات تک تمام انتخابی حلقوں میں یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ جن علاقوں میں کوئی بھی امیدوار لازمی پچیس فی صد ووٹ حاصل نہیں کر پائے گا وہاں ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔ ایران کے انتخابی قوانین کے مطابق کسی بھی امید وار کو کامیابی کے لئے اپنے حلقے کے کل ووٹوں کا کم سے کم پچیس فیصد ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ ایران میں پارلیمنٹ کے دو سو نوے اور مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے اٹھاسی ارکان کے انتخابات کے لئے جمعے کے روز ووٹ ڈالے گئے تھے۔ عوام کی شرکت کو دیکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں تین بار اضافہ کیا گیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲