اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ شمالی افغانستان کے صوبے بغلان کےشہر پل خمری کے علاقوں دند غوری اور دند شھاب الدین میں امریکی اور افغان فورسیز کے مشترکہ حملوں کو پسپا کردیا گیا ہے۔ طالبان کے ترجمان کے بقول افغانستان کی سیکورٹی فورس نے اس کاروائی میں امریکی فوج سے مدد طلب کی اور امریکیوں نے بھی طیاروں کے ذریعے ان علاقوں میں طالبان کے ٹھکانوں پر اپنے حملے شروع کردیئے لیکن طالبان کی مزاحمت کے باعث وہ پسپائی پر مجبور ہوگئے- ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس حملے میں امریکی فورسیز کے پانچ اور افغان فورسیز کے پندرہ اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ چھ زخمی بھی ہوگئے- دند غوری اور دند شہاب الدین علاقوں پر امریکی ڈرون طیاروں کے حملے میں پانچ طالبان ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے اور عام شہریوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے- ابھی تک آزاد ذرائع نے طالبان کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169