23 فروری 2016 - 19:51
علامہ عارف واحدی: ملکی سالمیت کے لئے دہشتگردی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے

جاری بیان میں سیکرٹری جنرل ایس یو سی کا کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ سنی کوئی مسئلہ نہیں چند مٹھی بھر تکفیری دہشتگرد ٹولہ ہی ملک میں امن کا دشمن ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک میں فرقہ وارانہ دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ڈیتھ سکواڈ کے سرغنہ آصف چھوٹو جو عباس ٹاون دھماکے سمیت متعدد کارروائیوں اور 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہے کو گرفتار کرنا حکومت کی جانب سے فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سود مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا شروع دن سے یہی مطالبہ رہا ہے کہ ملک سے فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداراوں کو سنجیدہ اقدام کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت کو کسی بھی دباو میں آئے بغیر دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائی کو نہیں روکنا چاہیے۔ ملکی سالمیت کے لئے دہشتگری کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ ملک میں شیعہ سنی کوئی مسئلہ نہیں چند مٹھی بھر تکفیری دہشتگرد ٹولہ ہی ملک میں امن کا دشمن ہے۔ ان لوگوں کی اصلیت اور عزائم اب پاکستانی عوام کے سامنے ظاہر ہو چکے ہیں۔ ملت جعفریہ نے اتنی قربانیوں کے باوجود کسی بھی لمحہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا اور علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت کے رہنما اصولوں اور ہدایات پر عمل پیراں ہو کر ملت جعفریہ نے ملّی پلیٹ فارم شیعہ علماء کونسل پر متحد ہو کر اُن خفیہ ہاتھوں اور ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں اور کوششوں کو ناکام بنایا جو اس ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے کر خانہ جنگی اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں اور بچانے میں ملت جعفریہ کی قربانیوں کا تسلسل جاری ہے۔ اور ہم وطن عزیز کو بچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

.......

/169