5 فروری 2016 - 16:02
وزیر خارجہ کی مختلف ممالک کے سربراہوں اور وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے شام کے لئے امداد اکٹھی کرنے سے متعلق لندن میں بلائی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر برطانیہ اور امریکہ سمیت مختلف ممالک کے سربراہوں اور وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کے دن اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، جمہوریہ آذربائیجان کے صدر حیدر علی اف، برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، ترکی کے وزیراعظم داود اوغلو اور امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقاتیں کیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ان ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ امور اور بحران شام سمیت خطے کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔

محمد جواد ظریف نے جمعرات کے دن لندن میں شام کے عوام کے لئے امداد اکٹھی کئے جانے سے متعلق بلائی جانے والی کانفرنس میں کہا کہ شام کے لاکھوں افراد کے قتل عام اور زخمی ہونے نیز کئی ملین افراد کے بے گھر ہونے، تباہ کاری کا سلسلہ جاری رہنے اور وحشیانہ بربریت کا مظاہرہ کئے جانے کی بنا پر ساری انسانیت کو دکھ پہنچا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران شام کے بے گھر افراد تک انسان دوستی پر مبنی امداد پہنچانے کے لئے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے اور وہ ان کو ماضی کی طرح اشیائے خورد و نوش، ادویات، طبی سامان اور پناہ گزیں کیمپوں کے لئے ضروری سامان وغیرہ فراہم کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کی ہلال احمر سوسائٹی کے ساتھ مل کر ان تمام علاقوں تک مدد پہنچا رہا ہے جہاں تک رسائی ممکن ہے لیکن اس کے باوجود شام میں وسیع انسانی المیے کے پیش نظر ابھی بہت زیادہ کام باقی ہے۔

.......

/169