اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کو شام کے بارے میں لندن ڈونر کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ شام کے بحران کو شامیوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے بحران شام کے آغاز سے ہی اس بات پر زور دیا ہے کہ اس بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور اس کو شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے لندن ڈونر کانفرنس سے خطاب میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں شام کے امن مذاکرات جاری رہنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ مذاکرات میں وقفہ عارضی ہوگا اور شامی وفود کے درمیان امن مذاکرات جلد شروع ہوں گے۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے خطاب میں شام کے عوام تک امداد رسانی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ شام کے اندر مہاجرت پر مجبور ہونے والے شہریوں تک فوری امداد رسانی کی ضرورت ہے ۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے شام کے عوام اور آئی ڈی پیز کے لئے ایران کی امداد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے شام کے عوام اور ملک کے اندر مہاجرت اختیار کرنے والوں تک بنیادی ضرورت کی اشیا پہنچانےکی ہمیشہ کوشش کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169