اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جمعرات کے دن لندن میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے میری بات چیت ہوئی ۔ اس گفتگو میں ہم نے شام کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور انہوں نے شام میں جنگ بندی پر عملدرآمد کی نوعیت کے بارے میں گفتگو کرنے اور فریقین تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری، شام کے عوام کی امداد رسانی سے متعلق ہونے والے بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کی غرض سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہیں۔ یہ اجلاس لندن میں جاری ہے۔ اس اجلاس میں شام کے عوام کے لئے نو ارب ڈالر کی امداد اکٹھی کئے جانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے بھی اس اجلاس میں سنہ دو ہزار اٹھارہ کے آخر تک شام کے لئے دو اعشاریہ تین ارب یورو کے امدادی پیکیج کی خبر دی ہے۔ اس اجلاس میں شام کی پانچ سالہ جنگ کے خاتمے اور شامی عوام کی ضروریات کے بارے میں بھی گفتگو کی جائے گی۔
واضح رہے کہ شام میں مارچ سنہ دو ہزار گیارہ سے بدامنی کا آغاز ہوا جس کے نتیجے میں دو لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق اور اس ملک کے تقریبا آدھے عوام بے گھر ہو چکے ہیں۔
.......
/169