31 جنوری 2016 - 14:11
ایران میں یکم فروری سے عشرہ فجر کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز

امام خمینی (رح) کی فاتحانہ انداز میں وطن واپسی کی تاریخ یعنی یکم فروری سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ عشرہ فجر کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ محسن صباغ نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عشرہ فجر کی تقریبات کا باضابطہ آغاز پیر یکم فروری کو اس تاریخ ساز لمحے سے ہو گا کہ جس وقت انیس سو اناسی میں امام خمینی( رح) فاتحانہ انداز میں واپس ایران تشریف لائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان تقریبات کا مرکزی پروگرام اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کے حرم مطہر میں ہو گا جس میں ملک کی اعلی سیاسی اور فوجی شخصیات، شہدا کے اہل خانہ اور عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہو گی- انہوں نے کہا کہ یکم فروری کو عشرہ فجر کے آغاز کے احترام میں کلیساؤں کے گھنٹے بجائے جائیں گے جبکہ اسکولوں میں بچے اسلامی انقلاب کے نغمے اور ترانے پڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عشرہ فجر کے آغاز کی تقریبات کی کوریج کے لئے ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے ذرائع ابلاغ کے پانچ سو پچاس نامہ نگار کیمرہ مین اور صحافی موجود ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں اسّی غیر ملکی صحافی ہوں گے- اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب ایک دینی اور سامراج مخالف انقلاب ہے جس نے ایرانی عوام کے اتحاد، امام خمینی (رح) کی قیادت اور آج رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائیوں کی بدولت دشمنوں کی تمام سازشوں اور فتنوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169