24 جنوری 2016 - 17:43
الرمادی کے مزید پانچ علاقے دھشتگردوں سے آزاد

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مرکزی صوبے الانبار کے صدر مقام رمادی کے مزید پانچ علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے کہا ہے کہ مشرقی رمادی کے پانچ دیگر علاقوں کو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرالیا گیا ہےاور ان علاقوں میں زندگی کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت صوبہ الانبار کے مرکزی شہر فلوجہ کے سوا تمام علاقے عراقی سیکورٹی فورس کے کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے اکثرسرغنے اپنے ماتحتوں کو بغیر بتائے فلوجہ سے دوسرے شہروں کو فرارہوگئے ہیں۔

عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ سن دوہزار سولہ داعش کی نابودی کا سال ہوگا اور ملک کے تمام علاقے یکے بعد دیگرے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیے جائیں گے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی پولیس نےرمادی کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران بیس افراد کو داعش کے قبضے سے چھڑالیا ہے۔ رہا ہونے والے عراقی شہریوں کو رمادی کے الوفا شہر منتقل کردیا گیا ہے۔

عراقی فوج نے اٹھائیس دسمبر کو رمادی شہر کو داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرالیا تھا تاہم صوبہ الانبار کے دیگر علاقوں کی آزادی کے لئے آپریشن بدستور جاری ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲