اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں شدید برف باری کے نتیجے میں اب تک 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ کروڑوں افراد متاثر ہورہے ہیں، محکمہ موسمیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بحرِاوقیانوس (ایٹلانٹک) کا طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے جب کہ بالٹی مور سے واشنگٹن تک کے علاقوں میں کئی فٹ برف پڑھنے سے زندگی کا نظام مفلوج ہوچکا ہے اورشہروں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کردیا گیا ہے۔
ریاست کینٹکی سے متصل جنوب انٹرسٹیٹ 75 ہائی وے پر گاڑیوں کی 35 کلومیٹر طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں اور کئی گاڑیاں گزشتہ 12 گھنٹے سے ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں جس کی وجہ دھند بتائی جارہی ہے۔ نیویارک میں اب تک 16 انچ مزید برف گرچکی ہے جبکہ شمالی کیرولینا میں ٹریفک حادثوں میں 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
موسم کی شدت سے جن 11 ریاستوں میں ہنگامی حالات کا نفاذ کیا گیا ہے ان میں جارجیا، ٹینسی، پینسلوانیا، میری لینڈ، کینٹکی، نارتھ کیرولینا، نیوجرسی، نیویارک، ڈیلاور، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا اور واشنگٹن شامل ہیں۔ صرف ورجینیا ہی میں ٹریفک کے 989 حادثات رپورٹ ہوئے ہیں جہاں ہوائیں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہیں۔
پورے امریکا میں 9 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور برفانی طوفان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں جن کی اکثریت کا تعلق کیرولینا کی دونوں ریاستوں سے ہے۔ کئی گھنٹوں سے کاروں میں پھنسے افراد کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کھانے پینے کا سامان ختم ہوچکا ہے اور ٹھنڈ سے کاریں جم کر رہ گئی ہیں۔ ہائی وے 75 پر بعض گاڑیاں جمعے کے وقت شام 5 بجے کے بعد ایک انچ آگے نہیں کھسکی ہیں اور برف کا ڈھیر بڑھتا جارہا ہے۔ کولمبیا میں برف کی اونچائی دس فٹ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
.......
/169