اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ الانبار کے مختلف علاقوں میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ساتھ لڑائی کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے سیکڑوں عناصر ہلاک ہوگئے ہیں۔
عراقی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش نے رمادی شہر میں شکست کھانے اور فلوجہ میں اپنی پوزیشن کمزور ہونے کے بعد حالیہ چند دنوں کے دوران آزاد ہونے والے علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن عراقی فوج کے آپریشن میں اس گروہ کے سیکڑوں عناصر ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
بغداد آپریشن کے کمانڈر عبدالامیر الشمری نے کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے نہ صرف دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں کو ناکام بنایا ہے بلکہ انہوں نے اس گروہ کے ٹھکانوں پر حملے کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عبدالامیر الشمری کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے دو سو سے زیادہ عناصر ہلاک ہوئے ہیں اور ان کی ایسی دسیوں گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے جن میں بم نصب کئے گئے تھے۔
عراقی کمانڈروں کے مطابق عراق کی فضائیہ نے فلوجہ شہر کے وسیع علاقوں اور رمادی شہر کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دریں اثناء العہد ویب سائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ جنوب مغربی بغداد میں واقع حی العامل نامی علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے نصب کئے جانے والے بم کے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ عراق کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی فوجیوں اور عوامی رضاکاروں کے مقابلے میں شکست کھانے کے بعد دہشت گردوں نے اب شہری علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو اپنےایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں میں ہر مہینے سیکڑوں عام شہری جاں بحق یا زخمی ہوتے ہیں۔
.....
/169