اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے ہفتے کو عراقی پولیس کی تشکیل کو چورانوے سال پورے ہونے کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کہا کہ ہم اس سال دہشت گرد گروہ داعش کو شکست دے دیں گے - انہوں نے کہا کہ اس وقت داعش کے پاس صرف ایک بڑا شہر موصل ہی بچا ہے جسے ہم جلد ہی آزاد کرالیں گے - انہوں نے کہا کہ عراق آج پورے خطے کو اس دہشت گردی سے محفوظ کئے ہوئے ہے جو سب کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے- انہوں نے کہا کہ اگر آج عراق نہ ہوتا تو دہشت گردی خلیج فارس کے انتہائی دور دراز علاقے تک پہنچ جاتی - عراقی وزیراعظم نے کہا کہ علاقے کے ملکوں کے درمیان کشیدگی کسی کے بھی نفع میں نہیں ہے اور عراق کسی بھی ملک سے جنگ میں نہیں الجھنا چاہتا - عراقی وزیراعظم نے سعودی حکومت کے ہاتھوں ممتاز عالم دین آیت اللہ باقر نمر کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراق کو اس بات کا حق ہے کہ وہ اس ممتاز عالم دین کی مظلومانہ شہادت پر احتجاج کرے - انہوں نے ایک بار پھر عراق سے ترک فوجیوں کے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرزمین سے ترک فوجیوں کو نکالنے کے تعلق سے پوری کوشش کریں گے- ان کا کہنا تھا کہ عراق کو کسی بھی غیر ملکی فوج کی ضرورت نہیں ہے- عراقی وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری سے بھی ملاقات میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہمت و حوصلے کو برقرار رکھنا، باہمی اتحاد اور عراقی فوج کی مدد کے لئے مختلف سیاسی گروہوں کی کوششوں کے درمیان ہم آہنگی بہت ضروی ہے - اس ملاقات میں مقبوضہ علاقوں کی آزادی اور آزاد شدہ علاقوں میں وہاں کے مکینوں اور شہریوں کی دوبارہ واپسی کے عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا -
۔۔۔۔۔۔۔
/169