8 جنوری 2016 - 13:43
یمنی فوج کے ہاتھوں درجنوں سعودی ایجنٹوں کی ہلاکت

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں درجنوں سعودی ایجنٹوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے طوال - حرض سیکٹر پر سعودی ایجنٹوں کی پیشقدمی کو ناکام بناتے ہوئے ایک درجن کے قریب مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یمنی فوج نے صوبہ تعز کے علاقے صبر المدام میں بھی سعودی ایجنٹوں کی پیشقدمی روک دی ہے ۔ صوبہ جوف کے علاقے حزم اور العمری پاس کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کے حملے میں سعودی عرب کے حمایت یافتہ درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر جارحیت جاری رکھتے ہوئے متعدد عام شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی سبا نیٹ کے مطابق صوبہ الحدید کے گاؤں برع پر سعودی عرب کے وحشیانہ فضائی حملے میں تین عام شہری شہید اور گیارہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ،اب اور لحج میں بھی رہائشی علاقوں اور بنیادی تنصیبات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ان علاقوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی بمبار طیاروں نے صوبہ مارب کے علاقے صرواح پر بیس بار بمباری کی ہے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ حجہ کے شہر میدی میں سعودی حکومت کا ایک اپاچی نوعیت کا جنگی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا ہے۔

.......

/169