4 جنوری 2016 - 19:42
ایران اور ڈینمارک کے درمیان باہمی تعلقات میں فروغ

ایران اور ڈینمارک نے باہمی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ کرسٹین جانسن نے ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی شمخانی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر علی شمخانی نے اس ملاقات میں امید ظاہر کی کہ ایران اور یورپی ملکوں کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں فروغ کے خطے کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہ ایران جامع ایکشن پلان کے تحت اپنے وعدوں کا پابند ہے اور فریق مقابل سے توقع ہے کہ وہ بھی معاہدے پر ٹھیک ٹھیک عمل کرے گا۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری نے سرکردہ شیعہ عالم دین آیت اللہ نمر باقر نمر کو شہید کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے تمام انسانی اور اخلاقی قدروں اور قانونی ضابطوں کو پامال کر دیا ہے۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ کرسٹین جانسن نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ آیت اللہ باقر نمر کی سزائے موت کے حوالے سے ہمارا موقف پوری طرح واضح ہے اور ہماری حکومت نے کھل کر سعودی اقدام کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر حکومت کے مخالفین کی سزائے موت کے معاملات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ڈنمارک کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں فنی اور تجارتی تعاون کے لیے تیار ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲