15 نومبر 2015 - 16:59
ولادی میر پوتین اور باراک اوباما کی بیس منٹ کی ملاقات

صدر روس ولادی میر پوتین اور صدر امریکہ باراک اوباما نے ترکی میں جی ٹوئنٹی سمٹ کے دوران ایک مختصر سی ملاقات کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر روس ولادی میر پوتین اور صدر امریکہ باراک اوباما نے ترکی میں جی ٹوئنٹی سمٹ کے دوران ایک مختصر سی ملاقات کی ہے۔ دونوں لیڈروں نے بریکس ممالک کے اجلاس اور سمٹ کے شرکاء کے اجلاس کے درمیان وقفے کے دوران ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر بات چیت کی۔ اس وقت ان کے ساتھ صرف ان کے مترجم موجود تھے۔ یہ بات چیت بیس منٹ سے زیادہ دیر تک جاری رہی۔ وہائٹ ہاؤس کے مطابق باراک اوباما اور ولادی میر پوتین نے مسئلہ شام کے حل کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دونوں لیڈروں نے شام میں جنگ بندی اور بحران کے متحارب فریقوں کے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ وہائٹ ہاؤس نے بتایا کہ دونوں صدور نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شام کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام کے ہاتھوں ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ باراک اوباما نے مصر میں روسی طیارے کے حادثے پر ولادی میر پوتین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس سے قبل تصویر کھینچے جانے کی رسم کے دوران روس اور امریکہ کے صدور نے ہاتھ ملا کے دو چار الفاظ کا تبادلہ کیا۔

.......

/169