اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے جیکب آباد میں نہتے عزاداران نواسہ رسول ۖ پر درندہ صف دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے خلاف جی نائن امام بارگاہ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزیدی پیروکاروں نے ایک بار پھر سندھ کی سرزمین کو خاک و خون میں نہلا کر اپنی سفاکیت اور بربریت کا ثبوت دیا ہے، ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم ان دہشت گردوں کو شکست دینگے اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے، ہم انکی ان بزدلانہ کاررروائیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں، عزاداران امام مظلوم عاشور کے دن گھروں سے نکلیں اور دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیں، ہمیں نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وفاق اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے حکمران دہشت گردوں پر قابو پانے کے بجائے اپنی توجہ عزاداران اور عزاداری سیدالشہداء کو محدود کرنے پر مرکوز کئے ہوئے ہیں، حکومت اور انتظامیہ دہشت گردوں کو پکڑنے کے بجائے بے جان لاوڈ اسپیکرز کو پکڑ کر بند کرنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بدانتظامی نے آج دہشت گردوں کو اس خونی کھیل کو کھیلنے کا موقع دیا، حکومتی افراد ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کو دہشت گرد مخالف قوتوں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، جیکب آباد میں شہداء کے وارثین اور عزاداروں پر پولیس گردی ریاستی دہشت گردی اور ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ سندھ کا ضعیف العمر اور نااہل وزیراعلٰی اور انتظامیہ اس واقعے کے ذمہ دار ہیں، ہسپتالوں میں زخمیوں کو بروقت علاج معالجہ کے سہولیات نہ ملنے کے سبب شہادتوں میں اضافہ ہوا، موجودہ حکمران ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص نہیں، انشاء اللہ ہمارے ان پاکیزہ شہیدوں کے لہو کو ہم رائیگاں نہیں جانے دینگے، سانحہ شکار پور کے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جاتا تو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتا، سندھ حکومت نے سانحہ شکار پور کے شہداء کے لواحقین کو بھی دھوکہ دیا، پیپلز پارٹی پر تکفیری قابض ہوچکے ہیں، ان کے مفادات اب دہشت گردوں سے وابستہ ہیں، اس حکومت کے ہوتے ہوئے ہمارے شہداء کے قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ناممکن ہے، سندھ میں ہمارے ہزاروں شہداء کے قاتل اب بھی آزاد دندھاناتے پھر رہے ہیں، نام نہاد سیاسی مافیا آپریشن ضرب عضب کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
.......
/169