اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نواسہ رسول امام حسین (ع) اور ان کے دوسرے ساتھیوں کی شہادت اور قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے صبر و استقامت اور بہادری کی ایک قابل رشک تاریخ رقم کی ہے اور کمزور جان کر دبائے اور کچلے جارہے لوگوں کے لیے ان کی سیرت میں ایک اہم سبق ہے کہ وہ ظالم اور جابر قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور عدل و انصاف کا نظام قائم کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین (ع) مسلمانوں کے کسی خاص مسلک، فرقے یا گروہ کے نہیں، بلکہ پوری امت کے راہنما ہیں اور آپ (ع) نے عزیمت کا جو راستہ دکھایا ہے، وہ ہر کلمہ پڑھنے والے کے لیے مشعل راہ ہے اور یہی ایک نجات کی سبیل ہے۔ انہوں نے جلوس عزاء کو حکومت کی طرف سے تشدد اور بربریت کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے سرینگر میں 22 اور 23 کی درمیانی شب میں مرچی گیس گھروں کے اندر چھڑکنے کی بھی شدید مذمت کی ہے اور اس کو حیوانیت سے بڑھ کر ظلم و ستم سے تعبیر کیا ہے۔
.......
/169